- 03
- Oct
Authored by:
Abdul Qayyum Chaudhry
Public Relations Officer
University of Kotli, AJK.
کھیل کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتے ہیں وہ قومیں جو کھیلوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بناتی ہیں ہمیشہ کامیابی کے سفر میں سبقت لے جاتی ہیں۔ تعلیمی ادارے محض علمی تعلیم تک محدود نہیں ہوتے بلکہ طلباء کی مکمل شخصیت سازی کے لیے کھیلوں کا انعقاد از حد ضروری ہے۔ کھیل نہ صرف جسمانی نشوونما کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ ذہنی اور جذباتی توازن کو بھی فروغ دیتے ہیں جس سے طلباء کی تعلیمی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس امر کی افادیت، اہمیت اور مقصد کے پیشِ نظر ہر سال کی طرح یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر کے شعبہ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام جامعہ کوٹلی کے سپورٹس اسٹیڈیم میں ایک شاندار اور رنگا رنگ سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا۔
سپورٹس گالا 2024 کے اس یادگار ایونٹ میں کرکٹ، فٹبال، بیڈمنٹن، رگبی، فٹسال، والی بال، رسہ کشی، ٹیبل ٹینس، اور ایتھلیٹکس جیسے مقبول کھیلوں کے مقابلے انٹر ڈیپارٹمنٹل اور انٹر فیکلٹیز سطح پر منعقد کیے گئے۔
یونیورسٹی آف کوٹلی نے آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار رگبی کا انعقاد کر کے کھیلوں کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اس تاریخی اقدام کو پاکستان رگبی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ممکن بنایا گیا۔
پاکستان رگبی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر اور کوچ ظہیرالدین کی خصوصی موجودگی میں رگبی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جو سپورٹس گالا 2024 کا حصہ تھا۔ اس کامیاب ٹورنامنٹ نے نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے خطے میں کھیلوں کی ترقی کی ایک نئی روایت قائم کی ہے جو کہ آزاد کشمیر میں کھیلوں کی بہتری کے لیے ایک روشن مثال ثابت ہوگی۔
اختتامی تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان اور ممبر کشمیر کونسل ملک محمد حنیف کی خصوصی شرکت اور موجودگی طلباء کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام تھی کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں حصہ لینا کامیابی کی راہ میں ایک اہم قدم ہے.
سالانہ سپورٹس گالا 2024 کی تقریب تقسیم انعامات کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا جس کا شرف طالبہ علینہ گیلانی نے حاصل کیا بعد ازاں، نعت رسول مقبولﷺ کی سعادت طالب علم عاقب نوابی کو حاصل ہوئی اور طالب علم نقاش معروف نے عارف کھڑی میاں محمد بخش کے عارفانہ کلام سیف الملوک کو اپنی خوبصورت آواز میں پیش کیا۔
تقریب کے دوران گلگت و بلتستان کے طلباء نے اپنے علاقائی گیتوں کی گونج میں رسم تاؤ کے تحت رقص پیش کیا جس نے تقریب کو مزید رنگا رنگ اور خوشگوار بنا دیا شرکاء نے ان کی پرفارمنس سے خوب لطف اٹھایا اور زوردار تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے اپنے خطاب میں تعلیم، تربیت اور تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں قیادت کرنے کے لیے ہمیں ان شعبوں میں دوبارہ اپنی جگہ بنانی ہوگی۔ انہوں نے تاریخی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے علم و تحقیق کو چھوڑا تو دنیا نے اسے اپنا لیا اور آج ہمیں ایک بار پھر اسی میدان میں آگے بڑھنا ہوگا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ ہمیں تعلیم, تربیت اور تحقیق پر فوکس کرنا ہو گا کیونکہ دنیا کی امامت تبھی ہمارے حصے میں آئے گی جب ہم دوبارہ ان میدانوں میں اپنا نمایاں مقام حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کلاس رومز میں ہمارے طلبا و طالبات کی تدریسی و تحقیقی تربیت کے ساتھ ساتھ انکی زہنی و جسمانی تندرستی کے لئے سپورٹس سرگرمیوں کی بے حد اہمیت ہے اور ان پر بھرپور توجہ دی جانی چاہیے تاکہ وہ صحت مند دماغ اور جسم کے ساتھ تعلیمی میدان میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے اس بات پر زور دیا کہ طلبا و طالبات کو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ ہر مقابلے میں کبھی ایک ڈیپارٹمنٹ کامیاب ہوگا اور کبھی دوسرا کیونکہ ہار جیت کھیل کا ایک فطری حصہ ہیں ان کا کہنا تھا کہ اصل مقصد جیت یا ہار نہیں بلکہ کھیل میں حصہ لینا اور بہترین کارکردگی دکھانا ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ کھیل صرف جیتنے کا نہیں بلکہ آگے بڑھنے کا فن سکھاتے ہیں اور سپورٹس مین سپرٹ کا مطلب ہی یہی ہے کہ نتائج سے قطع نظر، ہمیں اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ایک دوسرے کی کامیابیوں کا احترام کرنا چاہیے کیونکہ یہی کھیل کا حسن ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، ممبر کشمیر کونسل آزاد جموں و کشمیر ملک محمد حنیف نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی آف کوٹلی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب بھی وہ بیرونِ ملک سفر کرتے ہیں وہاں کی یونیورسٹیوں کا وزٹ ضرور کرتے ہیں کیونکہ یہ تعلیمی ادارے قوموں کی ترقی، شاندار ماضی اور روشن مستقبل کے ضامن ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں میں حصہ لینے سے طلباء و طالبات نہ صرف کامیابی کے راستے پر چلنا سیکھتے ہیں بلکہ شکست کو وقار اور صبر سے قبول کرنے کا ہنر بھی سیکھتے ہیں جو کہ زندگی کے ہر میدان میں کامیابی کی کنجی ہے۔
مزید برآں، انہوں نے یونیورسٹی آف کوٹلی کو ایک عظیم تعلیمی اثاثہ اور بہترین سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی صورت اس بات کو برداشت نہیں کر سکتے کہ اس عظیم ادارے کی ساکھ کو کوئی ٹھیس پہنچے۔
طلباء کی حوصلہ افزائی اور ان کی محنت کو سراہتے ہوئے ملک محمد حنیف نے اپنی ذاتی حیثیت میں طلباء سپورٹس کونسل کے کھلاڑیوں کے لیے پچاس ہزار روپے کا چیک بھی پیش کیا.
قبل ازیں رجسٹرار شمس الحسن سید، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس میڈم نوشین اور چیرمین ڈیپارٹمنٹ آف لاء ڈاکٹر وقار خان عارف نے بھی تقریب سے خطاب کیا جبکہ تقریب میں ڈائریکٹرز، چیئرمین شعبہ جات، فیکلٹی ممبران، ایڈمنسٹریٹو سٹاف، اور طلباء سپورٹس کونسل سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔
واضع رہے کہ سالانہ سپورٹس گالا 2024 میں تمام کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں 28 ٹیموں نے حصہ لیا۔ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ڈیپارٹمنٹ آف سافٹ ویئر انجینئرنگ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح کا تاج اپنے سر پر سجایا جبکہ رنر اپ ٹرافی ڈیپارٹمنٹ آف میتھیمیٹکس کے نام رہی۔
رگبی ٹورنامنٹ میں یونیورسٹی آف کوٹلی کے آفیشلز کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی جبکہ ڈیپارٹمنٹ آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی ٹیم قابلِ تحسین کھیل پیش کرتے ہوئے رنر اپ رہی۔
ویمن کرکٹ کے فائنل میں یونیورسٹی آف کوٹلی (UOK) کے آفیشلز نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فاتح کا اعزاز اپنے نام کیا۔ دوسری جانب، رنر اپ ٹرافی ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس اور کیمسٹری کی مشترکہ ٹیم کے حصے میں آئی جنہوں نے مقابلے میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔
فٹ بال کے فائنل میں فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح پائی جبکہ فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انجینئرنگ کی ٹیم رنر اپ رہی۔ فٹسال کے مقابلے میں ڈیپارٹمنٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی ٹیم بازی لے گئی اور رنر اپ ٹرافی ڈیپارٹمنٹ آف سافٹ ویئر انجینئرنگ کے حصے میں آئی۔
رسہ کشی کے دلچسپ مقابلے میں ڈیپارٹمنٹ آف لاء کی ٹیم نے اپنی مضبوط حکمت عملی اور غیر معمولی ہم آہنگی کی بدولت فتح حاصل کی دوسری جانب ڈیپارٹمنٹ آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی ٹیم نے بھی زبردست مقابلہ کرتے ہوئے رنر اپ ٹرافی اپنے نام کی۔
ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن، شطرنج اور دوڑوں کے مقابلے سپورٹس گالا 2024 کو مزید جلا بخشنے کا سبب بنے۔ بوائز ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ میں ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنسز کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح کا تاج اپنے سر پر سجایا جبکہ گرلز ٹیبل ٹینس میں بھی اسی ڈیپارٹمنٹ نے اپنی مہارت کا لوہا منوایا اور میدان مار لیا۔
بوائز بیڈمنٹن ڈبل ٹورنامنٹ میں ڈیپارٹمنٹ آف لاء کی ٹیم نے بہترین ٹیم ورک اور صلاحیتوں کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے فتح حاصل کی جبکہ بوائز بیڈمنٹن سنگل ٹورنامنٹ میں ڈیپارٹمنٹ آف سائیکالوجی نے اپنے حریفوں پر برتری قائم کی اور کامیابی اپنے نام کی۔
گرلز بیڈمنٹن ڈبل ٹورنامنٹ میں ڈیپارٹمنٹ آف بائیو ٹیکنالوجی نے فتح حاصل کی جبکہ گرلز بیڈمنٹن سنگل ٹورنامنٹ میں ڈیپارٹمنٹ آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی کھلاڑیوں نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی۔
دوڑوں کے مقابلے میں، ڈیپارٹمنٹ آف لاء نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے فتوحات کا سلسلہ کامیابی سے جاری رکھا اس کے ساتھ ہی شطرنج کے ذہنی کھیل میں بھی انہوں نے اپنی ذہانت اور بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔
یہ مقابلے محض تفریح یا مقابلہ بازی تک محدود نہ تھے بلکہ یہ طلباء کی کردار سازی اور ان کی شخصی تربیت کا بھی ذریعہ بنے۔ طلباء نے ان مقابلوں میں اپنی قابلیت اور کھیلوں کی مہارت کو نہایت پُرجوش انداز میں پیش کیا اور ان کے درمیان صحت مند مقابلے کا ماحول ہر ایک کھلاڑی کو مزید متحرک کرتا رہا۔
آخر میں جیتنے والے کھلاڑیوں نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان اور ممبر کشمیر کونسل ملک محمد حنیف سے ملاقات کی جن کو سرٹیفیکیٹس، ٹرافیوں اور اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔
یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ سپورٹس گالا نہ صرف کھیلوں کی اہمیت کا آئینہ دار تھا بلکہ اس نے طلباء کے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو دریافت کرنے اور انہیں ایک صحت مند اور کامیاب زندگی کی طرف گامزن ہونے کا موقع
فراہم کیا۔ سپورٹس گالا نے طلباء میں ٹیم ورک، قیادت اور تحمل جیسی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جو کہ عملی زندگی میں کامیابی کی ضمانت ہیں۔