- 16
- Nov
یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں جدید ترین ماڈلز اور پوسٹرز کی نمائش کا افتتاح۔
وائس چانسلر جامعہ کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے کانووکیشن کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کوٹلی ایک شاندار تدریسی اور تحقیقی ماحول کو فروغ دینے کے عزم پر گامزن ہے ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کا ہر اقدام طلبہ کی علمی و عملی ترقی کو یقینی بنانے کی جانب ایک سنگ میل ہے۔
یونیورسٹی کے ترجمان عبد القیوم چوہدری کے مطابق وائس چانسلر نے کیمپس کے نئے بلاکس میں فیکلٹی آف سائنسز کا دورہ کیا اور بائیو ٹیکنالوجی کے طلبہ و طالبات کے تخلیق کردہ مالیکیولر بائیولوجی کے سائنسی ماڈلز اور پوسٹرز کی نمائش کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں جامعہ کے ٹریژر پروفیسر ڈاکٹر محمد معروف خان، ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر ارشاد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر صباحت اکرم، چیئرمین شعبہ بائیو ٹیکنالوجی ڈاکٹر اسد حسین شاہ، چیئرمین شعبہ زوالوجی ڈاکٹر امجد، چیئرمین شعبہ کیمسٹری ڈاکٹر عالم زیب، چیئرمین فزکس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر جیلانی اور دیگر اساتذہ کرام بھی شریک ہوئے ۔
اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے بائیو ٹیکنالوجی کے اساتذہ اور طلبہ کی محنت اور ان کے تحقیقی جذبے کو سراہا۔ انہوں نے شعبہ بائیو ٹیکنالوجی کی کارکردگی کو یونیورسٹی کے بہترین شعبہ جات میں سے ایک قرار دیا اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کاوشیں مستقبل میں سائنسی ترقی کی راہ ہموار کریں گی۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ سائنسی میدان میں حقیقی کامیابی تب ہی ممکن ہے جب علم و عمل کو یکجا کیا جائے اور اسے ملک کی دیرپا ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائے۔
بعد ازاں وائس چانسلر نے ڈینز اور تدریسی عملے کے ہمراہ سائنس بلاک کا تفصیلی دورہ کیا اور لیبارٹریز کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سائنس بلاک کی عمارت کو معیار اور ڈیزائن میں آزاد کشمیر کی بہترین تعلیمی عمارات میں شمار کیا اور کہا کہ اس عظیم الشان تعلیمی ماحول میں تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔