- 23
- Oct
یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں صفائی ڈے کے حوالے سے صفائی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں طلبا و طالبات، اساتذہ کرام اور دیگر افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس آگاہی ریلی کی قیادت ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹر غلام نبی، اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی نعیم اختر، میئر میونسپل کارپوریشن ماسٹر محمد تاج اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز عدنان عارف بٹ نے کی جبکہ یونیورسٹی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Civic Awareness Walk
شعبہ اطلاعات و رابطہ عامہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صفائی بارے آگاہی واک کا آغاز جامعہ کے یادگار چوک سے ہوا جہاں شرکاء نے "صفائی نصف ایمان ہے" جیسے سلوگنز سے مزین بینرز اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے۔ طلبا نے ہاتھوں میں دستانے اور شاپنگ بیگز تھام رکھے تھے جن میں وہ راستوں اور سڑکوں پر بکھرے کوڑے کو جمع کر رہے تھے۔ شرکاء نے نہ صرف عملی طور پر صفائی کا مظاہرہ کیا بلکہ راہگیروں میں صفائی کے بارے میں شعور اجاگر کیا۔ کوڑا جمع کرنے کے بعد اسے باقاعدہ طور پر کوڑے دان میں منتقل کیا گیا جس سے ماحول کے تحفظ اور صفائی کی اہمیت کا عملی پیغام دیا گیا۔
ریلی کا اختتام کھوئیرٹہ کراس پر ایک جلسے کی صورت میں ہوا جہاں ڈاکٹر غلام نبی، اسسٹنٹ کمشنر نعیم اختر اور میئر ماسٹر محمد تاج نے خطاب کیا۔ انہوں نے صفائی کی اہمیت، اس کے معاشرتی اور مذہبی فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صفائی صرف جسمانی طور پر نہیں بلکہ ذہنی اور روحانی ترقی کے لیے بھی ضروری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کو ذمہ دار شہری بننے اور صفائی کے اصولوں پر عمل کرنے کی تلقین کی اورانہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صفائی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ معاشرہ مزید خوشحال اور صحت مند بن سکے۔