- 12
- Nov
یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) کے تعاون سے ایک اہم کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام فار یونیورسٹی مینجمنٹ کے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کا شاندار آغاز۔
وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے وڈیو کانفرنسنگ روم میں 11 نومبر سے 15 نومبر تک جاری رہنے والے ہفتہ وار کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام فار یونیورسٹی مینجمنٹ نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
شعبہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق، یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد کشمیر کی پہلی یونیورسٹی ہے جہاں اس نوعیت کا تربیتی پروگرام اسلام آباد کے بجائے مقامی سطح پر منعقد کیا گیا ہے۔ اس اہم موقع کو NAHE اور HEC کی جانب سے جامعہ کوٹلی کے ایڈمنسٹریٹو عملے کے لیے منتخب کیا جانا، خود ایک بڑی کامیابی اور اعزاز کی بات ہے۔ یہ پروگرام یونیورسٹی مینجمنٹ کے شعبے میں بہترین مہارتیں فراہم کرکے، اسے نئے معیار کی جانب گامزن کرے گا۔
Capacity Building Program - Day 1 |
پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا مقصد شرکاء کی کمیونیکیشن، فنانس اور جدید انتظامی امور میں مہارت کو بہتر بنانا، ادارے کی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرنا اور جامعہ کی ترقی میں ان کی موثر رہنمائی کو یقینی بنانا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے شرکاء کو نہ صرف جدید تکنیکی اور انتظامی مہارتیں فراہم کی جائیں گی بلکہ ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے اور عملی میدان میں کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
Capacity Building Program - Day 2
افتتاحی تقریب کے موقع پر پروگرام کے ٹریننگ کوآرڈینیٹر ڈائریکٹر کیو ایم سی جامعہ کوٹلی ڈاکٹر محمد آصف خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ایچ ای سی کی حوصلہ افزائی اور تعاون کو سراہا۔
اس موقع پر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ نور آمنہ ملک نے وڈیو پیغام میں کہا کہ اس تربیتی پروگرام کا مقصد یونیورسٹی مینجمنٹ کے شعبے میں نہ صرف جدید تربیتی مہارتیں فراہم کرنا ہے بلکہ اس سے شرکاء کو اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کا موقع بھی ملے گا۔
نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی ڈیپٹی ڈائریکٹر محترمہ سعادیہ بخاری نے تربیت کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور تربیتی پروگرام کی افادیت کو اجاگر کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے اپنے خطاب میں NAHE کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ نور آمنہ ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ HEC اور NAHE کی جانب سے جامعہ کوٹلی کو اس پروگرام کے لئے منتخب کیا جانا ہمارے لئے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تربیتی پروگرام کے شرکاء کو اس پروگرام سے بہترین انتظامی مہارتیں حاصل ہوں گی جنہیں وہ عملی میدان میں بروئے کار لا کر جامعہ کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ وائس چانسلر نے اس پروگرام کو جامعہ کی انتظامی صلاحیتوں کے فروغ کا بہترین ذریعہ قرار دیا اور جامعہ کے سٹاف کو پیشہ ورانہ انداز میں کام کرنے اور اس تربیتی پروگرام سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی اور جناب وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے اس موقع پر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) سے یونیورسٹی آف کوٹلی میں تشریف لائے معزز مہمانانِ گرامی کو شیلڈز بھی پیش کیں۔
افتتاحی تقریب میں جامعہ کے ڈین صاحبان، پرنسپل آفیسران، ایڈمنسٹریٹو آفیسران اور دیگر نے شرکت کی جبکہ نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) کی مینجنگ ڈائریکٹر، ڈیپٹی ڈائریکٹر، کوآرڈینیٹر ایچ ای سی اور ریسورس پرسنز نے اس تقریب میں بطور خاص شرکت کی۔