- 06
- Oct
یونیورسٹی آف کوٹلی میں بی ایس 2024 کے انٹری ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد جس میں کثیر تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔
یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں بی ایس 2024 کے مختلف پروگراموں کے لیے منعقدہ داخلہ ٹیسٹ(انٹری ٹیسٹ) میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پاکستان بھر سے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس نمایاں شرکت نے یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے طلباء کے اعتماد اور ان کی علمی لگن کو مزید اجاگر کیا۔
شعبہ اطلاعات و رابطہ عامہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یونیورسٹی آف کوٹلی میں بی ایس 2024 کے انٹری ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جہاں طلباء کی بڑی تعداد نے مختلف شعبہ جات میں داخلے کے لیے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور جوش و خروش کے ساتھ ٹیسٹ
میں شرکت کی
BS Entry Test 05 October, 2024 |
یونیورسٹی انتظامیہ نے طلباء کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے داخلہ ٹیسٹ کے دوران متعدد معلوماتی ڈیسک قائم کیےجن کا مقصد طلباء کو درپیش کسی بھی ممکنہ مسئلے کا فوری اور مؤثر حل فراہم کرنا تھا۔ امتحانی مراکز میں ایک منظم، پرسکون اور سازگار تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا گیا تاکہ طلباء یکسوئی کے ساتھ اپنے امتحانات دے سکیں۔
علاوہ ازیں، انٹری ٹیسٹ کے دوران طلباء کے ساتھ آنے والے والدین اور دیگر مہمانوں نے یونیورسٹی کیمپس کا دورہ کیا جہاں وہ نہ صرف یونیورسٹی انتظامیہ کے بہترین انتظامات، اعلیٰ نظم و ضبط اور مہمان نوازی سے بے حد متاثر ہوئے بلکہ انہوں نے جامعہ کوٹلی کے علمی و تحقیقی ماحول کو بھی بے حد سراہا۔ والدین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف کوٹلی ایک عظیم تعلیمی درسگاہ ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہمارے بچے اس ادارے کا حصہ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔
اس موقعے پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے طلباء اور ان کے ساتھ آئے ہوئے والدین کو خوش آمدید کہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی اپنی اس نئی نسل کو ہر طرح کی رہنمائی کرے گی اور طلباء کو ہر طرح کی تدریسی و تحقیقی سہولیات بہم پنہچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔
مزید برآں، وائس چانسلر نے مزید کہا کہ چونکہ یونیورسٹی آف کوٹلی آبادی کے اعتبار سے آزاد کشمیر کے سب سے بڑے ضلع کی مستند تعلیمی درسگاہ ہے، اس لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی جامعہ کے اعلیٰ تعلیمی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے طلباء کو جدید تعلیم، تحقیق، اور سائنسی ضروریات سے ہم آہنگ کریں تاکہ طلباء نہ صرف علمی بلکہ عملی میدان میں بھی کامیاب ہوں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے یہ واضح کیا کہ یونیورسٹی آف کوٹلی کو نہ صرف آزاد جموں و کشمیر بلکہ پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر ایک ممتاز اور سرکردہ ادارہ بنانے کے لیے میں اور میری پوری ٹیم پر عزم اور غیر متزلزل ہیں۔
انٹری ٹیسٹ کی پہلی میرٹ لسٹ 9 اکتوبر 2024 کو جبکہ دوسری میرٹ لسٹ 15 اکتوبر 2024 کو شعبہ جات کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کی جائے گی۔