- 23
- Oct
جامعہ کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں ایچ ای سی کی ضرورت پر مبنی انڈرگریجویٹ اسکالرشپ کمیٹی کے 9ویں اجلاس کا انعقاد ۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے کی۔ اس اجلاس میں اسکالرشپ کمیٹی نے 330 ہونہار طلبا و طالبات کے انٹرویوز لیے جنہیں میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ ان اسکالرشپس کی مجموعی مالیت تقریباً 8 ملین روپے ہے، جو طلبا کی اعلیٰ تعلیمی کارکردگی اور مالی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل شفافیت کے ساتھ فراہم کی جائے گی۔
9th Meeting of Scholarship Committee
شعبہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے علامیے کے مطابق یہ اجلاس سیکریٹریٹ کانفرنس روم میں منعقد ہوا جہاں کمیٹی کے ارکان نے ایچ ای سی کے مقرر کردہ معیارات کے مطابق طلبا و طالبات کی قابلیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں ٹریژرر، رجسٹرار، ڈین صاحبان، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانشل ایڈ نے شرکت کی جبکہ ایکسٹرنل ممبران میں سابق چیف کنزرویٹو جنگلات چوہدری محمد اسلم، ایم ڈی رفعت محمود ھاسپیٹل فاتح محمود کیانی اور ایم ڈی انور میموریل ڈاکٹر یعقوب احمد ملک نے بھی خصوصی شرکت کی۔ فاتح محمود کیانی نے اس موقع پر طلبا کے لیے 10 مزید اسکالرشپس کا اعلان کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کوٹلی کے کے طلبا و طالبات قابلیت اور صلاحیت میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ ان کے حوصلے کو مزید بڑھانے اور ان کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اسکالرشپس کا یہ سلسلہ نہایت اہم ہے۔ ہم اپنے نوجوانوں کی قابلیت کو پروان چڑھانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھاتے رہیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔