- 21
- Nov
صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف کوٹلی کے پانچویں کانووکیشن کی بحیثیت چانسلر صدارت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور میں آج کی اس پروقار تقریب میں تمام گریجویٹس کو اُن کے تعلیمی کیرئیر میں ایک اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ گولڈ میڈل جیتنے والے طلباء و طالبات کو بھی مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے ایک نمایاں مقام حاصل کیا اور یقینا آپ نے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ اس موقع پر میں اُن قابل فخر والدین کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے آپ کو مالی طور پر سپورٹ کیا اور آپ آج اس مقام تک پہنچے۔تمام فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات کے لئے یہ ایک ایسا موقع ہے کہ اب آپ اپنے متعلقہ شعبہ میں ماہر ہیں اور اپنا پیشہ وارانہ سفر شروع کرنے کے لئے تیار ہیں۔ میں اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی اور اساتذہ کو بھی خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ ان کی محنت، لگن اور عزم کے بغیر آپ لوگوں کی کامیابی ممکن نہ تھی۔
5th Convocation of University of Kotli, Azad Jammu and Kashmir
صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے طلبا و طالبات سے کہا کہ آپ جب اپنی زندگی کا پیشہ وارانہ سفر شروع کریں گے تو آپ کو بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن مجھے یقین ہے کہ یونیورسٹی آف کوٹلی نے آپ کو بہترین لچک، عزم اور عمدگی کے ساتھ ان تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کیا ہے۔ آپ کی قابلیت اور خود اعتمادی ہی آپ کی زندگی میں مزید کامیابی کی بنیاد بنے گی۔ اس کانووکیشن کے شاندار موقع پرہمیں 31گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو گولڈ میڈل دینے اور 1463نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباوطالبات کو ڈگریاں دینے پر بے حد خوشی اور فخر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کوٹلی یونیورسٹی کے پانچویں کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آزاد کشمیر حکومت نے آزادکشمیر بھر میں اساتذہ کی بھرتی میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا ہے۔
صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزادکشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے ہم بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی کی شدید مذمت کرتے ہیں کیونکہ بھارت نے کشمیریوں کا بنیادی حق خودارادیت زور بازو دبایا ہوا ہے اور بھارت کشمیریوں کو اُن کا حق دینے سے گزشتہ 77سالوں سے انکاری ہے۔میں اس موقع پر کشمیر کے اُن شہداء اور آزادی کی جنگ لڑنے والے نوجوانوں کا ذکر کروں گا جنہوں نے بھارت کے ظلم و جبر کے باوجود آزادی کی جدوجہد کو جاری و ساری رکھا ہوا ہے اور ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر کے بھارتی تسلط سے آزادی تک جاری رہے گی۔
صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ یونیورسٹی آف کوٹلی میں قبلہ حضرت صاحب گلہار شریف طلباء و ملازمین کے روحانی فائدے کے لئے 5کنال کے رقبہ پر مسجد کی تعمیر کر رہے ہیں اور مسجد کی تعمیر پر اٹھنے والے تمام اخراجات آستانہ عالیہ گلہار شریف برداشت کرے گا جس پر ہم قبلہ حضرت صاحب گلہار شریف کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن میں غربت، دہشت گردی، توانائی کی قلت، صاف پانی اور ناخواندگی جیسے مسائل شامل ہیں۔ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کا سنگ بنیاد ہے آزادکشمیر حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے لئے پر عزم ہے اور معیار تعلیم کو بہتر کرنے کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں جامعہ کوٹلی، گریجویٹس اور اُن کے والدین اور معزز اساتذہ اور انتظامیہ کو کامیاب کانووکیشن منعقد کروانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
صدر آزادجموں وکشمیر و چانسلر آزاد جموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں آخر میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان اور یونیورسٹی انتظامیہ کو کانووکیشن کے کامیاب انعقاد کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہاتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان کی قابل قیادت میں جامعہ کوٹلی آنے والے سالوں میں مزید ترقی کی منازل طے کرے گی
پانچویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے چانسلر یونیورسٹی/ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور تقریب میں شریک دیگر معزز مہمانان گرامی کی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اپنے معزز چانسلر کی قیادت اور رہنمائی میں یونیورسٹی کو عالمی معیار کی تعلیم اور تحقیق کا مرکز بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی شاندار کارکردگی اور محنت کے ذریعے نہ صرف اپنے لیے ایک ممتاز مقام بنایا بلکہ اپنے والدین اور اساتذہ کا سر بھی فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کامیابی کے موقع پر میں ان قابل فخر والدین کو بھی تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے آپ کی تعلیمی سفر میں مالی اور اخلاقی سپورٹ فراہم کی جس کی بدولت آپ آج یہ بلند مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور یہ کامیابی آپ کی محنت اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی خان نے کہا کہ یونیورسٹی کے بین الاقوامی اور قومی اداروں کے ساتھ مضبوط تعاون نہ صرف ہمارے طلباء کو انٹرن شپ اور نیٹ ورکنگ کے بے مثال مواقع فراہم کرتا ہے بلکہ ان کے کیریئر کی تعمیر میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یونیورسٹی اپنی کمیونٹی آؤٹ ریچ سرگرمیوں کے ذریعے مقامی عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے پوری دلجمعی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کے انعقاد کے ذریعے ہم مقامی کمیونٹیز کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کی کوششوں میں مخلص ہیں۔
وائس چانسلر نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی آف کوٹلی اپنے طلباء کے روشن مستقبل اور معاشرے کی خدمت کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتی رہے گی۔
قبل ازیں صدر آزاد جموں و کشمیر و چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے فیکلٹی آف بیسک اینڈ اپلائیڈ سائنسز کی جدید اور شاندار عمارت کا افتتاح کیا۔ یہ عظیم منصوبہ 234 ملین روپے کی لاگت سے پایۂ تکمیل کو پہنچا جس کی مالی معاونت ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے فراہم کی۔
یونیورسٹی آف کوٹلی کی یہ نئی عمارت جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات سے مزین ہے جہاں طلبا و طالبات کے لیے بہترین لیبارٹریز اور تحقیقی مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ جدید انفراسٹرکچر نہ صرف طلبہ کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو جِلا بخشے گا بلکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم و تربیت حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میں پانچویں کانووکیشن کی اس منعقدہ پروقار اور شاندار تقریب میں وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال ، وزیر مال چوہدری محمد اخلاق، صدارتی مشیر و سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محمد محبوب ، سیکریٹری صدارتی امور محمد ادریس عباسی ، پرسنل سٹاف افسر برائے صدرِ ریاست کمال حیدر ، ممبر کشمیر کونسل ملک محمد حنیف ،وائس چانسلر میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی برگیڈیئر ریٹائرڈ یونس جاوید چوہدری، سابق سیکریٹری حکومت چوہدری محمد منظور ، میئر کوٹلی چوہدری محمد تاج، گریجویٹس طلبا و طالبات کے والدین ، ڈیپثی کمشنر کوٹلی و ایس ایس پی کوٹلی ، ممبران یونیورسٹی سینیٹ، سنڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل یونیورسٹی، رجسٹرار ، ٹریثرر ، ڈینز آف فیکلٹیز، کنٹرولر امتحانات، چیئرپرسنز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران، نمائندگان پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا و سوشل میڈیا اور صاحب علم و دانش حضرات و دیگر کی بھرپور شرکت ۔
ترجمان یونیورسٹی آف کوٹلی عبدالقیوم چوہدری کے مطابق جامعہ کوٹلی کے پانچویں کانووکیشن میں مختلف شعبہ جات کے پی ایچ ڈی، ایم فل، ایم ایس سی، ایم ایس اور بی ایس پروگرامز کے 1463 فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو اسناد تفویض کی گئیں جبکہ نمائیاں کارکردگی کے حامل 31 طلباء وطالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا ۔
یہ یادگار تقریب نہ صرف گریجویٹس کے خوابوں کی تعبیر تھی بلکہ اُن کے روشن مستقبل کے لیے نئے امکانات اور امیدوں کا پیام بھی تھی۔ یہ لمحہ اس بات کا مظہر تھا کہ یونیورسٹی آف کوٹلی علم، تحقیق اور کردار سازی کے میدان میں ترقی کی نئی منازل طے کرنے کے لیے کوشاں ہے۔