- 24
- Oct
یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر میںآزاد کشمیر کے 77 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پرچم کشائی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے چیف آرگنائزر ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر غلام نبی بمعہ سینئر آفیسران نے پرچم کشائی کی۔
جامعہ کوٹلی میں شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پرچم کشائی کی یہ شاندار تقریب یونیورسٹی کیمپس کے خوبصورت ترین سبزاہ زار لان میں منعقد ہوئی. پرچم کشائی کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر زندہ آباد کے نعرہ بھی لگائے گئے۔
24 October , 77th Youm e Tasees
اس موقعے پر تقریب کے چیف آرگنائزر ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر غلام نبی نے شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو ہمارا خطہ اس کو ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی جدو جہد کے ذریعے لازوال قربانیاں دے کر آزاد کروایا تھا اور آج کے دن 24اکتوبر 1947ء کو ریاست کا قیام عمل میں لایا گیا تھا لہذا اب یہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ اس کی ترقی، خوشحالی اور اس کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے اس بات کو بھی دہرایا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی اور ہمیں پاکستان کی سیاسی و سفارتی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان ہی ہے جس نے کشمیر کے مسئلے کو ہر فورم پر اجاگر کیا اور پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ پر زور دیتا رہا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق انکا حق خودارادیت دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان ہی ہے جس نے مسئلہ کشمیر کو آج بھی زندہ رکھا ہوا ہے ورنہ بھارت تو مسئلہ کشمیر کو کب کا دفن کر چکا ہوتا لہذا اب یہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
یوم تاسیس کی تقریب سے ڈین سائنسز ڈاکٹر محمد ارشاد، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر اسد حسین شاہ، لیکچرار یونیورسٹی راشد عزیز، خطیب جامعہ کوٹلی حافظ محمد اکرم، پبلک ریلیشنز آفیسر عبدالقیوم چوہدری، اسٹیٹ آفیسر عدنان یوسف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
پرچم کشائی کی تقریب میں ڈین صاحبان، ڈائریکٹرز، چیرمین شعبہ جات، فیکلٹی ممبران سمیت سٹاف ممبران اور دیگر افیسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان اور کشمیر کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں ہوئیں اور شرکائے تقریب میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی